ہمارے تعارف پر واپس جائیں

محیِ الجماعت

شیخ الاسلام سید مسعود احمد

رحمۃ اللہ علیہ

۱۹۱۵ء – ۱۹۹۷ء

شیخ الاسلام سید مسعود احمد رحمۃ اللہ علیہ نے ۴ اگست ۱۹۱۵ء کو ایک دین دار حنفی گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی دینی تعلیم آپؒ نے گھر پہ ہی حاصل کی۔ پھر دنیوی علوم حاصل کرنے کے لئے آپؒ نے اسکول میں اور پھر وکٹوریہ کالج لشکر (گوالیار) میں داخلہ لیا۔ ۱۹۳۶ء میں آپؒ نے آگرہ یونیورسٹی سے طبیعیات اور ریاضی (فزکس اور میتھس) میں بی ایس سی کیا۔ اس کے فوراً بعد آپؒ پوری طرح دینی تعلیم اور تحقیق کی طرف متوجہ ہو گئے۔ تحقیق کے نتیجے میں آپؒ نے اپنے آبائی بریلوی مسلک کو خیر باد کہا۔ براہِ راست قرآن و حدیث پر عمل شروع کر دیا اور اپنے آپ کو صرف ”مسلم“ کہنے لگے۔ اُس وقت تک آپؒ فرقہ اہلحدیث سے واقف نہیں تھے۔ لیکن کچھ ہی عرصہ بعد آپؒ کی ملاقات ایک صاحب سے ہوئی جو اہلحدیث تھے۔ انہوں نے آپؒ سے کہا کہ ہم اہلحدیث ہیں، ہم بھی تقلید نہیں کرتے اور قرآن و حدیث پر عمل کرتے ہیں۔ ان کی بات پر یقین کر کے آپؒ اہلحدیث ہو گئے اور زور و شور سے مسلک اہلحدیث کی تبلیغ میں لگ گئے۔ جب آپؒ کے خاندان والوں کو آپؒ کے اہلحدیث ہونے کا علم ہوا تو سب آپؒ کے سخت مخالف ہو گئے۔ اُس وقت کے کئی علماء احناف سے آپؒ کے مناظرے کروائے گئے لیکن الحمد للہ آپؒ ہر مناظرے میں کامیاب و کامران رہے۔

۱۹۴۸ء کے آخر میں آپؒ پاکستان آ گئے۔ اُس وقت کراچی پاکستان کا دارالحکومت تھا۔ یہاں آپؒ کو وزارتِ تجارت میں ملازمت مل گئی اور آپؒ نے کراچی میں ہی رہائش اختیار کر لی۔ یہاں پہنچ کر بھی آپؒ کا تحصیلِ علم کا سلسلہ جاری رہا۔ عربی زبان آپؒ کو پہلے سے ہی آتی تھی لیکن اب خوش قسمتی سے آپؒ کا رابطہ عربی زبان کے بے مثل معلم اور جید عالمِ دین جناب علامہ خلیل عرب صاحب سے ہوا تو ان سے آپؒ نے عربی زبان کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ ۱۹۵۰ء میں آپؒ جمعیت اہلحدیث کی مجلسِ عاملہ کے رکن منتخب ہو گئے۔ اور ایک فعال رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ اس دوران آپؒ نے کئی حنفی علماء، منکرینِ حدیث اور قادیانی مبلغین سے بھی کامیاب مناظرے کئے۔ جہانگیر روڈ پر آپؒ نے بخاری شریف کا درس بھی شروع کیا جو آپؒ کے راولپنڈی تبادلے تک پابندی سے جاری رہا۔

۱۹۵۹ء میں آپؒ کا تبادلہ راولپنڈی ہو گیا۔ راولپنڈی (چک لالہ) قیام کے دوران سندھ کے نواب صاحب سے آپؒ کا تحریری مناظرہ ہوا جسے بعد میں جمعیت اہلحدیث کراچی نے ”تلاشِ حق“ کے نام سے شائع کیا۔ مفتی تقی عثمانی صاحب نے اس کا جواب لکھا۔ آپؒ نے ”التحقیق“ کے نام سے اس کا جواب الجواب لکھا۔ تقلید کے موضوع پر ”تلاشِ حق“ اور ”التحقیق“ سے بہتر کوئی کتاب نہیں لکھی گئی۔ یہ کتابیں بے حد مقبول ہوئیں اور اب تک ان کے بے شمار ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔

چک لالہ قیام کے دوران ہی آپؒ نے ڈاکٹر غلام جیلانی برق کی مشہور کتاب ”دو اسلام“ کا جواب لکھا جسے علامہ عطاء اللہ حنیف صاحب بھوجیانی نے ”تفہیم الاسلام“ کے نام سے اہلحدیث اکیڈمی لاہور سے شائع کرایا۔ اس کتاب کا طرزِ تحریر اتنا مہذب، دلنشین اور مدلل تھا کہ اسے بے حد پسند کیا گیا حتیٰ کہ ڈاکٹر غلام جیلانی برق صاحب نے آپؒ کو ایک خط لکھ کر اس کی بہت تعریف کی، اپنے انکارِ حدیث کے موقف سے رجوع کیا۔ اور اپنے پبلشر کو حکم دیا کہ آئندہ کتاب ”دو اسلام“ کی اشاعت بند کر دی جائے۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پھر ڈاکٹر صاحب نے ”تاریخِ حدیث“ کے نام سے ایک بے حد مفید اور معلوماتی کتاب لکھی جو چھپ چکی ہے اور عام دستیاب ہے۔

اسی دوران آپؒ نے اسلامی تاریخ کی صحیح اور مستند ترین کتاب ”صحیح تاریخ الاسلام والمسلمین“ لکھی۔ یہ پوری کتاب صرف قرآن مجید، صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے حوالوں سے مرتب کی گئی ہے۔ اسے بھی علمی حلقوں میں بے حد پسند کیا گیا۔

۶۴-۱۹۶۳ء میں آپؒ کا تبادلہ واپس کراچی ہو گیا۔ کراچی کے بیشتر لوگ آپؒ سے پہلے ہی واقف تھے۔ پھر آپؒ کی مندرجہ بالا تصانیف نے تو آپؒ کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے تھے۔ اسی لئے جب آپؒ کراچی پہنچے تو آپؒ کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جمعیت اہلحدیث کراچی میں نئی جان پڑ گئی۔ تبلیغی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں۔ دروس اور اجتماعات کا سلسلہ شروع ہو گیا جن میں لوگ بڑے ذوق و شوق سے شریک ہوتے تھے۔ میجر (ر) عبدالرحیم قریشی اُس وقت جمعیت اہلحدیث کراچی کے صدر تھے۔ انہوں نے صدارت سے سبکدوشی اختیار کر کے آپؒ کو صدارت سپرد کرنا چاہی۔ آپؒ نے بہت انکار کیا لیکن ان کے بہت زیادہ اصرار پر آپؒ کو یہ عہدہ قبول ہی کرنا پڑا۔

اہلحدیث کی نئی نسل کی دین سے دوری اور پرانی نسل کی بے اعتنائی اور بے توجہی پر آپؒ بہت کڑھتے تھے۔ نئی نسل کو الحاد سے بچانے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے آپؒ کی دیرینہ خواہش تھی کہ ایک ایسا اسکول قائم کیا جائے جس میں دینی اور دنیاوی تعلیم بھی دی جائے اور بچوں کی کردار سازی اور تعمیرِ شخصیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ چنانچہ ۱۹۶۸ء میں آپؒ نے شہید ملت روڈ پر ایک منارہ مسجد کے متصل ”مسلمین پرائمری اسکول“ قائم کیا۔ اس اسکول میں تعلیم دینے کے لئے دینی ذہن رکھنے والے مخلص اساتذہ کو منتخب کیا گیا۔ آپؒ نے بھی اسکول کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے کے لئے سرکاری ملازمت سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لیا۔ آپؒ کی خصوصی توجہ کی وجہ سے اس اسکول کا معیارِ تعلیم اتنا اچھا تھا کہ لوگوں نے اپنے بچوں کو انگلش اسکولز سے نکال کر اس اسکول میں داخل کرایا۔ یہ اسکول بہت کامیابی سے چل رہا تھا اور آپؒ کا منصوبہ یہ تھا کہ اس اسکول کو بتدریج ہائی اسکول اور پھر کالج میں ترقی دی جائے۔ لیکن ۷۵-۱۹۷۴ء میں اُس وقت کی حکومت نے اسے نیشنلائز کر لیا۔

اہلحدیث جو برصغیر میں ترکِ تقلید اور اتباعِ رسول کی ایک تحریک تھی اس میں جمود آ گیا تھا اور اس نے ایک فرقے کی شکل اختیار کر لی تھی۔ آپؒ نے اس کی اصلاح کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ لیکن آپؒ کی کوششوں کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا اور آپؒ نے محسوس کیا کہ ان میں اپنے علماء کی تقلید اور فرقہ وارانہ تعصب اس حد تک سرایت کر گیا ہے کہ ان کی اصلاح ممکن نہیں۔

فرقہ بندی سے آپؒ سخت بیزار تھے۔ اس کو ختم کرنے کی یہی صورت تھی کہ حکمِ رسول ﷺ کی تعمیل میں سب فرقوں سے علیحدہ ہو کر اپنے خود ساختہ فرقہ وارانہ ناموں کی قربانی دے کر ایسا نام اختیار کیا جائے جس پر سب متفق ہوں۔ اور وہ نام ”مسلم“ ہے۔ اسی پس منظر میں آپؒ نے تمام فرقوں سے علیحدگی اختیار کی اور اپنے آپ کو صرف مسلم کہلانا شروع کر دیا۔ کچھ اور لوگ بھی آپؒ کے ہم خیال ہو گئے اور انہوں نے آپؒ کو اپنا امیر منتخب کر لیا۔ اس طرح ”جماعت المسلمین“ کا احیاء عمل میں آیا۔

جماعت المسلمین کے احیاء کے ساتھ ہی فرقہ پرستوں کی طرف سے آپؒ کی سخت مخالفت کی گئی۔ آپؒ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ کسی نے آپؒ کو خارجی کہا۔ کسی نے قادیانی کہا، کسی نے تکفیری کہا۔ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ ان جھوٹے اتہامات لگانے والوں میں بڑے بڑے عالم، فاضل کہلائے جانے والے لوگ شامل تھے۔ یہ لوگ آپؒ کی مخالفت میں اتنا گر گئے کہ انہوں نے آپؒ کی مخالفت میں انتہائی اشتعال انگیز اور تہذیب سے گری ہوئی زبان استعمال کرنے سے بھی گریز نہ کیا۔ ایسی زبان جو ایک عالمِ دین تو کجا، ایک شریف انسان بھی استعمال نہیں کر سکتا۔ شیخ الاسلامؒ ایک غیر معمولی صبر و تحمل والے اور بہت باوقار شخصیت کے مالک تھے۔ آپؒ کی عظمت کو سلام کہ آپؒ نے کبھی ان مخالفین کے خلاف نہ کوئی نازیبا بات کہی اور نہ لکھی۔ اور آپؒ اپنی دعوت کو مثبت انداز میں پیش کرتے رہے۔

آپؒ ایک عظیم محبِ رسول ﷺ تھے۔ آپؒ کی پوری زندگی اتباعِ رسول ﷺ کا نمونہ تھی۔ آپؒ عالمِ باعمل تھے۔ سلف صالحین کی یادگار تھے۔ تقویٰ میں آپؒ کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ شعائر اللہ کا آپؒ بے حد احترام کرتے تھے۔ آپؒ کی قوتِ حافظہ بہت اچھی تھی۔ آپؒ احادیث کا چلتا پھرتا انسائیکلوپیڈیا تھے۔ آپؒ ایک کرشماتی (charismatic) شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالیٰ نے آپؒ میں قائدانہ صلاحیتیں کوٹ کوٹ کر بھر دی تھیں۔ آپؒ حسنِ اخلاق کا بہترین نمونہ تھے۔ آپؒ ایک شگفتہ اور دل آویز شخصیت کے مالک تھے۔ بہت خوش مزاج اور بذلہ سنج تھے۔ مہمان نواز تھے۔ صلہ رحمی کرنے والے تھے۔ صبر و تحمل، برداشت، عفو و درگزر اور منکسر المزاجی آپؒ کی شخصیت کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ آپؒ ایک عظیم دیدہ ور تھے۔ فہم و فراست اور تفقہ فی الدین میں آپؒ کا جواب نہیں تھا۔ آپؒ انتہائی سادگی پسند تھے۔ شرم و حیا اور وقار کا حسین مرقع تھے۔ بے مثال قوتِ ارادی کے مالک تھے۔ عزم و استقلال کا پہاڑ تھے۔ عجز و کسل، درماندگی اور کم ہمتی آپؒ میں نام کو نہ تھی، آپؒ کی پوری زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت تھی۔

آپؒ کی چھوٹی بڑی کل تصانیف کی تعداد ڈیڑھ سو کے قریب ہے۔

آپؒ کی چند اہم تصانیف

  • تلاشِ حق اور التحقیق (یہ دونوں کتابیں تقلید کے موضوع پر ہیں)
  • تفہیم الاسلام (احادیث پر اعتراضات کے جواب میں)
  • صحیح تاریخ الاسلام والمسلمین (تاریخِ اسلام کی مستند ترین کتاب)
  • توحید المسلمین
  • دعوات المسلمین
  • صلوٰۃ المسلمین
  • برہان المسلمین (حجیتِ حدیث کے موضوع پر)
  • منہاج المسلمین (یہ احکامِ اسلامی کا ایک مستند اور مدلل انسائیکلوپیڈیا ہے)

ان کے علاوہ آپؒ نے قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر بھی لکھی ہے۔ یہ تفسیر صرف صحیح احادیث سے مرتب کی گئی ہے اور دس ضخیم جلدوں میں ہے۔

آپؒ نے بروز جمعہ ۶ شوال ۱۴۱۷ھ مطابق ۱۴ فروری ۱۹۹۷ء کو کراچی میں وفات پائی۔ آپؒ کی وفات سے خدمتِ اسلام کا ایک عظیم باب بند ہو گیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ آپؒ کی مغفرت فرمائے، آپؒ پر اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے۔ آپؒ کو جنت الفردوس عطا فرمائے اور آپؒ کے درجات بلند فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔